نوازشریف کا دورہ ہری پور ملتوی، اہل خانہ کیساتھ مری گئے،یمن کی صورتحال پر مشاورت کیلئے ایک دو روز میں ترکی جائیں گے
مری+ اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی + صباح نیوز)وزیراعظم محمد نوازشریف بدھ کی دوپہر اچانک ہی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مری میں کشمیر پوائنٹ پر واقع اپنی نجی رہائشگاہ پر پہنچے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی چند لمحوں کے بعد مری پہنچ گئے۔انہوں نے چین کے ایک تجارتی وفد سے بھی خصوصی ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کی تجارت اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم محمد نوازشریف یہاں مختصر قیام کے بعد رات 7 بجے کے بعد اسلام آباد روانہ ہو گئے۔وزیراعظم محمدنوازشریف بارش اور خراب موسم کی بنا پر ہیلی کاپٹرکی بجائے ایکسپریس وے کے ذریعہ ہی اسلام آباد سے مری پہنچے۔ دریں اثناء وزیراعظم نوازشریف یمن کی صورتحال پر صلاح مشورہ کیلئے آئندہ ایک دو روز میں ترکی کے دورے پر جائیں گے۔ وزیراعظم ہاؤس کے ذرائع نے وزیراعظم کے غیرملکی دورے کی تصدیق کی ہے تاہم بتایا ہے کہ ترکی کی طرف سے کلیئرنس ملنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم جمعہ یا ہفتہ کو ترکی جائیں گی۔دوسری طرف وزیراعظم نے موسم کی خرابی کے باعث دورہ ہری پورملتوی کردیا۔ترجمان وزیراعظم ہائوس کے مطابق وزیراعظم کے دورہ سری کوٹ کے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد نواز شریف نے انسداد پولیو کی قومی ٹاسک فورس کا اہم اجلاس آج (جمعرات کو) اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی ادارے انسداد پو لیو سے متعلق کارکر دگی رپورٹس پیش کریںگے۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اس اجلاس میں انسداد پو لیو کی قومی مہم کو مزید تیز کرنے سے متعلق اہم فیصلے کئے جائیں گے۔