جامشورو‘ کراچی سے تحریک طالبان کے نائب امیر سمیت 7 دہشت گرد گرفتار‘ اسلحہ برآمد
حیدرآباد(آن لائن + آئی این پی)حیدر آباد کے علاقے جامشورو میں پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں تحریک طالبان کے نائب امیر سمیت3دہشت گرد گرفتار کر لئے جبکہ ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میںاسلحہ اور نقشہ جات برآمد کر لئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی علی الصبح حساس اداروں کی رپورٹ پر پولیس نے جامشورو کے علاقے سکندر آباد میں ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں مصروف 3 دہشت گرد گرفتار کر کے ان کے منصوبہ کو ناکام بنا دیا۔ ایس ایس پی جامشورو طارق ولادیت نے میڈیا کو بتایا کہ دہشت گردوں سے 3 کلاشنکوفیں،بارودی مواد ،5 ہینڈ گرنیڈ اور کراچی کے مختلف علاقوں کے نقشہ جات بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گرد حیدر آباد اور کراچی کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے منصوبہ بندی کررہے تھے ، پکڑے جانے والے دہشت گردوں کی شناخت بہائو الدین ،گل زرین ،شاہ الدین کے نام سے ہوئی جبکہ تینوں کا تعلق شمالی وزیرستان کے علاقے وانا سے ہیں۔گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔ ادھر کراچی میں مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں سمیت 6 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ کلفٹن میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔ جوہر آباد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سواتی گروپ سے ہے۔ ملزموں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹر اور دیگر سامان برآمد ہوا۔ گرفتار دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ اور تخریب کاری کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد شہر کے مضافاتی علاقے میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزم گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔