بجلی کمپنیوں پر صوبائی پراپرٹی ٹیکس، وفاق اور صوبوں کو نوٹس جاری
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں پر صوبائی پراپرٹی ٹیکس عائد کرنے کے حوالے سے وفاق، چاروں صوبوں میں اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنر لز کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے معاملے پر وضاحتی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ بتایا جائے کہ 18ترمیم کے بعد کیا وفاق صوبوں سے ٹیکس لے سکتا ہے؟ پراپرٹی ٹیکس کے فیصلے کو تقسیم کار کمپنیوں نے لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا ہائی کورٹ نے ٹیکس وصولی کے احکامات کو کالعدم قرار دیا تھا جس کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی گئی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ صوبائی حکومتیں تقسیم کار کمپنیوں سے پراپرٹی ٹیکس وصول کرسکتی ہیں جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے وکیل نے کہا کہ ٹیکس لگانا وفاقی حکومت کا کام ہے، فاضل عدالت درخواست کو خارج کرے۔