بارش، ژالہ باری ، چھتیں ، آسمانی بجلی گرنے سے ماں بیٹے سمیت 5 جاں بحق: پشین پہاڑی تودہ گرنے سے 4 بچے دم توڑ گئے
لاہور (نامہ نگاران) کئی شہروں میں بارش، ژالہ باری، آسمانی بجلی اور چھت گرنے سے ماں بیٹا سمیت 5 جاں بحق ہوگئے، فصلوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ پشین میں پہاڑی تودہ گرنے سے 4 بچے دم توڑ گئے۔ ملکوال میں شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے ندی نالوں میں تبدیل ہو گئے، ڈسکہ و گردونواح میں موسلا دھار بارش گرمی کی شدت میں کمی مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے گندم کی فصل میں پانی کھڑا ہو نے کے باعث فصل90 فیصد تک مکمل تباہ ہو نے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ نارووال اور گردنواح میں موسلادھار بارش سے جل تھل ہوگیا۔ میانوالی کے نواحی پہاڑی علاقہ بوری خیل کے تین طلباء عبدالوحید، واصف اقبال اور مشتاق حسین صبح پڑھائی کے لئے سکول جارہے تھے راستے میں تھے اچانک آسمانی بجلی ان بدقسمت طلباء پر آگر ی عبدالوحید جاں بحق ہوگیا اور دو طلباء ساتھی واصف اور مشتاق شدید زخمی ہوگئے۔دینہ میں پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔ سرگودھا یونیورسٹی روڈ پر ماڈل بازار میں لگائے گئے جھول مین سڑک پر آگرے جبکہ متعدد علاقوں میں درخت‘ بجلی کے کھمبے ‘سائن بورڈ اور بعض گھروں کی چھتیں بھی گرگئیں، بجلی منقطع ہوگئی۔تحصیل پپلاں کے کئی علاقوں میں گندم، چنے سمیت دیگر فصلوں کو بھی شدید نقصان، سیالکوٹ میں بارش سے ہزاروں ایکڑ رقبہ پر کاشت شدہ گندم کی فصل کو بھی نقصان پہنچا۔ تھانہ صدر کے علاقہ بٹر میں آسمانی بجلی نجی سکول پر گرنے سے دوکمروں کی دیواریں گر گئیں تاہم سکول میں زیر تعلیم طلباء محفوظ رہے ۔ہنگو/ پارا چنار سے آئی این پی کے مطابق اورکزئی ایجنسی میں مکان کی چھت گرنے سے بچہ ماں سمیت جاں بحق جبکہ کرم ایجنسی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی گھر کے 9 افراد زخمی ہوگئے ۔ منگل اور بدھ کے درمیانی شب 4 بجے لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقہ سام میں قمر زمان کی اہلیہ اور ایک سالہ بچہ کمرے کے اندر سو رہے تھے کمرے کی چھت آگر ا ماں اور بیٹا دونوں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔ لوئر کرم ایجنسی کے علاقہ بگن میں پیش آیا جہاں پر عبدالرحمن نامی شخص کے گھر پر آسمانی بجلی گر گئی جس سے مکان کی چھت گر گئی اس واقعے میں عبدالرحمن، منیر خان، محمد بلال، نمرین، نورین، محمد مصطفی سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔ اسلام آباد سے آئی این پی کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مسلسل بارش کے باعث ایک مرتبہ پھر ملک کے سب سے بڑے ایوان پارلیمنٹ ہائوس کی چھتیں بھی ٹپکنا شروع ہوگئی ہیں جس کے بعد سی ڈی اے اہلکاروں نے پارلیمنٹ کے مختلف فلورز پر بالٹیاں رکھ دی ہیں۔ لالہ موسیٰ میں شدید بارش کے باعث دیوار کی زد میں آ کر زخمی ہونے والی خاتون ٹانگ سے معذور ہوگئی۔ ہیڈ مرالہ میں گزشتہ تین روز سے ہونے والی مسلسل بارش کے باعث ہیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب میںدرمیانے درجے کا سیلاب، پانی کا بہاؤ نوے ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے پانی کے بہاو ٔمیں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد اور اسکے گردونواح میں گزشتہ روز شدید بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم ایک بار پھر ٹھنڈا ہو گیا۔ شہریوں نے سردی کی لہر کے پیش نظر گرم کپڑے دوبارہ نکال لئے۔ پشین سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پشین کے علاقے سرانان میں پہاڑی تودہ گرنے سے 4 بچے جاں بحق ہو گئے۔ ہسپتال ذرائع جاں بحق بچوں کی عمریں 4سے 8سال کے درمیان ہیں۔ بنوں سے نامہ نگار کے مطابق ڈومیل میں شدید بارشوں اور ژالہ باری سے چھت منہدم ہونے سے ننند اور بھابھی جاں بحق ہو گئیں۔ سیرک بودین خیل میں پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما ملک محمد نواز کے بھائی حوالدار کے گھر کے کمرے کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں حوالدار کی 6 سالہ بیٹی اور بہو روزیدہ بی بی زوجہ رحیم اللہ چھت کے ملبے تلے آ گئیں۔