پنجاب حکومت کا ذکی الرحمن لکھوی کی نظربندی ختم کرنے سے انکار، درخواست مسترد
لاہور (نیٹ نیوز) سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ممبئی حملوں کی سازش تیار کرنے کے مبینہ ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کے احکامات واپس لینے سے انکار کر دیا۔ واضح رہے کہ ذکی الرحمان لکھوی نے اپنی نظربندی کے خلاف صوبائی سیکرٹری داخلہ سے لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت پر رجوع کیا تھا اور لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمود مقبول باجوہ نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کو ہدایت کی تھی کہ وہ ذکی الرحمان لکھوی کی درخواست پر پانچ دنوں میں فیصلہ کریں۔ بی بی سی کے مطابق سیکرٹری داخلہ کے فیصلے کے خلاف ذکی الرحمان لکھوی نے دوبارہ لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا اور نظربندی کوکالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ذکی لکھوی کی نظربندی کے احکامات کو کالعدم قرار دے کر انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم گزشتہ ماہ چودہ مارچ کو پنجاب حکومت نے ذکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کے نئے احکامات جاری کیے تھے جس سے لکھوی کی رہائی ممکن نہ ہوسکی۔ ذکی الرحمان لکھوی کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے بتایا کہ سیکرٹری داخلہ نے ذکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کے احکامات کو برقرار رکھا اور اس ضمن میں زبانی طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔ وکیل کے مطابق نظربندی کے خلاف درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔