پنجاب رینجرز کے نئے ڈی جی میجر جنرل عمر فاروق برکی نے ذمہ داریاں سنبھال لیں، لاہور میں کمان تبدیلی کی تقریب
لاہور(خبر نگار)پاکستان رینجرز (پنجاب) کے نئے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عمر فاروق برکی ہلال امتیاز ( ملٹری) نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (پنجاب) لاہور میں تبدیلی کمان کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں سبکدوش ہونے والے ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (پنجاب) میجر جنرل خان طاہر جاوید خان نے پنجاب رینجرز کی کمان باضابطہ طور پر میجر جنرل عمر فاروق برکی کے حوالے کی۔ اس موقع پر تمام سیکٹرز کمانڈرز اور پنجاب رینجرز کے افسروں اور جوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ میجر جنرل خان طاہر جاوید خان نے کہا کہ وہ پنجاب رینجرز کی کمان ایک ایسے باصلاحیت شخص کو سونپ رہے ہیں جو ایک پیشہ ور سپاہی ہونے کے علاوہ نہایت اچھے انسان بھی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب رینجرز ان کی کمانڈ میں مزید بلندیوں کو چھوئے گی۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (پنجاب) میجر جنرل عمر فاروق برکی ہلال امتیاز (ملٹری) نے 6ستمبر 1984میں کاکول اکیڈمی سے کمیشن حاصل کیا۔