• news

3 خودکشیاں: کاروبار میں نقصان پر لاہور میں تاجر نے خود کو گولی مار کر زندگی ختم کر لی

لاہور/ قصور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) لاہور، قصور اور میانوالی میں خاتون سمیت 3 افراد نے زندگی ختم کر لی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں شادباغ کے علاقہ میں کاروبار میں نقصان پر 28 سالہ تاجرنے پستول سے کنپٹی پر گولی مار کر زندگی ختم کر لی۔ شادباغ کے علاقہ چاہ میراں کا رہائشی28 سالہ نوجوان فاروق بٹ مصری شاہ میں سکریپ کا کاروبار کرتا تھا۔ گزشتہ روز فاروق نے خود کو کمرے میں بندکر کے پستول سے کنپٹی پر گولی مارکرخودکشی کرلی۔ فائرنگ کی آواز سن کر فاروق کی والدہ کمرے میں گئی تو فاروق خون میں لت پت زمین پر گرا پڑا تھا۔ والدہ کی چیخ و پکار پر گھر والے اکٹھے ہو گئے اور فاروق کو ہسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ ورثاء کے مطابق فاروق بٹ خراب کاروباری حالات کی وجہ سے پریشان رہتا تھا۔ اس نے مصری شاہ کے علاقے میں سکریپ کا کاروبارشروع کر رکھا تھا جس میں اس کو بہت نقصان ہوا تھا، دلبرداشتہ ہو کر اس نے خودکشی کرلی ہے۔ پولیس موقع پر پہنچ گئی، نعش ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔ گھر میں کہرام مچ گیا اور ماں کو غشی کے دورے پڑتے رہے۔ علاوہ ازیں قصور میں محلہ بلوچاں کھڈیاں خاص میں گھریلو جھگڑے سے دلبرداشتہ تین بچوں کی ماں نے زہریلی گولیاں کھا لیں۔ سکینہ بی بی کا اکثر گھریلو معاملات میں اکثر اپنے خاوند سے جھگڑا رہتا تھا گزشتہ روز بھی دونوں میاں بیوی میں لڑائی ہوئی تو سکینہ بی بی نے غم زدہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ علاوہ ازیں کندیاںکے محلہ نظام آباد کے 17سالہ نوجوان عمران بشیر نے گھریلو پریشانیوں سے دلبرداشتہ ہوکر زندگی کا خاتمہ کرنے کیلئے گندم میں رکھنے والے زہریلی گولیاں کھا لیں۔

ای پیپر-دی نیشن