یمن میں کردار کا فیصلہ پارلیمنٹ کریگی عمران کو سمجھنا چاہئے خارجہ پالیسی کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں ہوتا: پرویز رشید
اسلا م آباد (وقائع نگار خصوصی + اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی فوجی معاونت اور یمن کی صورت حال پر پارلیمنٹ حتمی فیصلہ کرے گی یمن کی صورت حال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا ہے، میثاق جمہوریت نے جمہوریت کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے عمران کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ عمران اپنے رہن سہن کا قوم کو جواب دیں یہ پیسہ کہاں سے آرہا ہے۔ عمران خان کی اہلیت خیبر پی کے میں سامنے آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے100 فیصد جبکہ تحریک انصاف کے 300 فیصد ووٹوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے حوالے سے جب عدالتیں ثبوت مانگتی ہیں تو عمران خان کو دماغی چوٹ لگ جاتی ہے۔ پرویز رشید نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کے کردار کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو یہ بات سمجھنی چاہئے کہ خارجہ پالیسی کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں ہوسکتا۔