• news

بنوں اور بلوچستان سے 8 دہشت گرد گرفتار، پشاور میں فائرنگ، وطن پارٹی کا رہنما زخمی

بنوں+ پشاور+ کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں+ بیورو رپورٹ) بنوں کے علاقے بکاخیل میں فورسزنے کارروائی کے دوران تین دہشتگردوں کوگرفتارکرکے بھاری مقدارمیں اسلحہ اورگولہ بارود برآمد کر لیا جبکہ پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے وطن پارٹی کا رہنما حیدر خان زخمی ہو گیا جبکہ ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے لورالائی، بارکھان، کوئٹہ اور حب کے علاقوں سے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق جمعرات کے روز سکیورٹی فورسز نے بکاخیل میں کارروائی کی جس کے دوران 3دہشت گرد گرفتار ہو گئے، گرفتار دہشتگردوں کی نشاندہی پر کھیتوں میں چھپایا گیا اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ دوسری طرف پشاور پولیس اور سکیورٹی فورسز نے آرمی پبلک سکول پشاور سے ملحقہ بہاری کالونی سمیت دیگر علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 21 مشتبہ اور غیر قانونی مقیم 158 افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ پشاور کے علاقہ شاہین ٹائون میں یونیورسٹی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے وطن پارٹی کے رہنما حیدر خان پر فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے وہ شدید زخمی ہوئے۔ انہیں زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ادھر پشاور اور سکیورٹی فورسز نے جرائم پیشہ اور ملک دشمن عناصر کے خلاف مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 9 افغان باشندوں اور 6 خطرناک اشتہاری ملزمان سمیت 200 جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ علاوہ ازیں محکمہ انسداد دہشت گردی نے پشاور پولیس اور ایف سی چیک پوسٹوں پر حملوں میں ملوث خطرناک دہشت گردکو گرفتار کرلیا ہے جس کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر اسلام سے بتایا جاتا ہے گرفتار ہونے والے دہشت گرد کے سر پر حکومت کی جانب سے 5لاکھ روپے انعام بھی مقرر کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں ایف سی نے کوئٹہ شہر میں کارروائی کے دوران 15 افغان باشندے گرفتار کر لئے۔ ادھر ایف سی نے سرچ آپریشن کے دوران لورالائی، بارکھان، کوئٹہ اور حب کے مختلف علاقوں سے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ بارکھان کے علاقے سراٹی میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم بی ایل اے کا کمانڈر کو بمعہ ہتھیار حراست میں لے لیا۔

ای پیپر-دی نیشن