• news

قصور: تعمیراتی ٹھیکوں میں کمشن مافیا کی چاندی، افسر سر جوڑ کر بیٹھ گئے

قصور (نمائندہ نوائے وقت) تعمیراتی ٹھیکوں میں کمشن مافیا کی چاندی، موقع پر 60 فیصد رقم خرچ ہو گی۔ خزانہ لوٹنے والوں کا محاسبہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے ضلع بھر میں سکولوں کی عمارات کی تعمیر و توسیع کے سو سے زائد ٹینڈر طلب کئے جن میں درجن کے قریب دیگر محکموں کے کاموں کو شامل کیا تھا۔ محکمہ بلڈنگ کے ذمہ داروں نے بیوروکریٹس کی ملی بھگت اور آشیرباد سے فل ریٹس پر ٹھیکے دیئے اور پھر 4 فیصد زائد ادائیگی دیگر اخرجات کی مد میں دینے کا بھی وعدہ کیا۔ اس کرپشن سے قومی خزانہ کو نقصان سے بچانے کیلئے بعض اخبارات میں خبریں شائع ہوئیں تو ذرائع کے مطابق افسر سر جوڑ کر بیٹھ گئے۔ اس طرح موقع پر غیر معیاری تعمیرات ہی ہونگی، ناقص میٹریل استعمال ہو گا۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب دعویٰ کرتے ہیں کہ صوبہ سے کرپشن ختم کر دی گئی مگر قصور میں من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے کیلئے فل ریٹس ٹھیکے دیکر کمشن کی مد میں کروڑوں روپے کا خزانہ کو ٹیکہ لگا دیا گیا۔ ٹینڈر فوری طور پر منسوخ کر کے تحقیقات کرائے جانے کے ساتھ ساتھ دوبارہ ٹینڈر طلب کر کے مقابلہ پر ٹھیکے دیئے جائیں اور خزانہ کو کروڑوں کا ٹیکہ لگنے سے بچایا جائے۔ اس سلسلہ میںجب ایکسین بلڈنگ طارق شاہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا ٹینڈروں کو کینسل کرنا میرے اختیار میں نہیں۔ جب ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے بات کرنے سے گریز کیا۔

ای پیپر-دی نیشن