• news

کراچی : متحدہ‘ پی ٹی آئی کے کارکنوں میں پھر تصادم‘ لاٹھی چارج‘ تحریک انصاف کا انتخابی کیمپ اکھاڑ دیا گیا

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے کریم آباد میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے کارکن پھر آمنے سامنے آگئے۔ دونوں جماعتوں کے کارکنوں کی ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی۔ مشتعل کارکنوں کی آپس میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے جھنڈے کو آگ لگا دی گئی۔ کارکنوں نے گالم گلوچ بھی کی۔ پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور ایم کیو ایم کے دو کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ ایم کیو ایم کارکنوں نے پی ٹی آئی کے انتخابی کیمپ پر حملہ کر دیا اور توڑپھوڑ کی جبکہ انتخابی کیمپ گرا دیا گیا۔ دریں اثناءانتخابی کیمپ کو دوبارہ لگا دیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی سمیت دیگر رہنما کریم آباد پہنچ گئے اور حیدر عباس رضوی نے خود انتخابی کیمپ کو دوبارہ قائم کیا۔ قائدین کے پہنچنے پر کارکن مشتعل ہو گئے۔ قبل ازیں عمران اسماعیل اور عارف علوی کارکنوں کے ساتھ دستگیر ہوٹل نہاری کھانے پہنچے تو متحدہ کے کارکن آ گئے۔ کارکنوں نے ”جئے الطاف حسین“ کے نعرے لگانے شروع کر دیئے جواباً پی ٹی آئی کے کارکنوں نے نعرے لگائے تو ان کے رہنماﺅں نے انہیں روک دیا۔ عمران اسماعیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوف کی فضا ٹوٹے گی، تبدیلی آ کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تصادم سے ہمارے کارکن زخمی ہوئے ہیں، ہمارے انتخابی کیمپوں کے قریب رینجرز کو تعینات کیا جائے۔دریں اثناءچیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کراچی میں پی ٹی آئی کا انتخابی کیمپ اکھاڑنے کی مذمت کرتے کہا ہے کہ سندھ پولیس ہمارے کارکنوں کے تحفظ میں ناکام ہوگئی۔ الیکشن کمشن کا ضابطہ اخلاق کہاں گیا؟ قانون نافذ کرنیوالے ادارے صورتحال کا نوٹس لیں۔ ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ پر حملہ ضمنی الیکشن ملتوی کرانے کی ناکام کوشش ہے۔ قبل ازیں عمران اسماعیل نے الیکشن پر پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر رینجرز تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایم کیو ایم این اے 246 سے امیدوار کنور نوید نے کہا ہے کہ یہ کارکنوں کا تصادم نہیں عوام تھے جن کی تعداد 20 ہزار سے زائد تھی جن کو بڑی مشکل سے سمجھایا۔ یہ ایم کیو ایم کے کارکن نہیں تھے بلکہ جذباتی عوام تھے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ تحریک انصاف کا کیمپ گر گیا تھا انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے بینرز تصاویر پھٹنے پر عوام مشتعل ہو گئے گڑبڑ کی اطلاع پر سب کام چھوڑ کر کریم آباد پہنچے اور عوام کو سمجھایا تحریک انصاف کا انتخابی کیمپ خود دوبارہ لگانا چاہتے ہیں، جمہوری عمل چلتا رہے۔ عمران اسماعیل کو فون کیا انہوں نے کریم آباد بلایا۔ پی ٹی آئی کے عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں ڈرنے والے نہیں انتخابی مہم بند نہیں کریں گے جناح گراﺅنڈ متحدہ کا نہیں سٹیٹ پراپرٹی ہے وہ ہو رہا ہے جو کراچی میں ہوتا آ رہا ہے حملے کروا کر زخموں پر مرہم لگانا ایم کیو ایم کا طریقہ ہے ایم کیو ایم والے کچھ بھی کر لیں جیت کر رہیں گے ان لوگوں نے ڈرامہ لگایا ہوا ہے کراچی والوں نے غنڈہ گردی کو کیوں قبول کیا؟ ایم کیو ایم لوگوں کو یرغمال رکھنا چاہتی ہے۔
تصادم








ای پیپر-دی نیشن