چودھری نثار کی ناراضی‘ صلح کیلئے حکومتی شخصیات متحرک
اسلام آباد (سجاد ترین) وزیراعظم میاں نوازشریف اور وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے درمیان پیدا ہونے والی دوریاں ختم کروانے کے لئے اہم حکومتی لوگ متحرک ہوگئے ہیں۔کل پیر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں چودھری نثار علی خان کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے کوششیں بھی تیز کردی گئی ہیں۔ گزشتہ 48گھنٹے کے دوران اہم حکومتی شخصیات کی جانب سے چودھری نثار علی خان سے رابطے بھی کئے گئے ہیں۔ چودھری نثار علی خان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے انتہائی اہم وزیر ہیں ’’دھرنا‘‘ بحران کے دوران سب سے زیادہ متحرک رہے اور حکومت کو اس بحران سے نکالنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ چودھری نثار علی خان موجودہ مرکزی کابینہ کے واحد وزیر ہیں جو وزیراعظم کے سامنے حکومتی وزراء کی کارکردگی پر کھل کر بات کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) میں وزیراعظم میاں نوازشریف کے بعد سب سے بڑی قدآور شخصیت چودھری نثار علی خان ہیں۔ وزیراعظم اور چودھری نثار علی خان کے درمیان پیدا ہونے والے فاصلوں اور دوریوں کو فوری طور پر کم نہ کیا گیا تو حکومت کو ہی خسارہ ہوگا، اس سے قبل بھی ایک بار چودھری نثار علی خان خاموشی اختیار کرگئے تھے اور اس دوران وہ ملک سے باہر بھی رہے مگر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے صورتحال کو تبدیل کروایا اب بھی وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف سے ہی امید کی جا رہی ہے کہ وہ پل کا کردار ادا کریں گے، حکومت اور وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے درمیان جو دوریاں پیدا ہوئی ہیں ان کو ختم کروایا جائے گا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے بارے میں ان کے مخالفین کا بھی یہی مؤقف ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں چودھری نثار علی خان اصولوں کی سیاست کرنے والے شخص ہیں۔ دوسری جانب چودھری نثار علی خان کو بھی انا کی قید سے باہر آنا ہوگا اور کل پیر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کرکے حکومت کے ساتھ اس طرح کھڑے ہوں گے جیسے پہلے ہر مشکل وقت میں میاں نوازشریف کیساتھ کھڑے تھے۔