ساہیوال/ سرگودھا: اغوا کے بدلے 14 سالہ لڑکی ونی کرکے شادی کردی، باپ دولہا، نکاح خواں سمیت 9 افراد گرفتار
ساہیوال/ سرگودھا (نامہ نگار) اغوا کے بدلے میں باپ نے 14 سالہ نابالغ لڑکی کو ونی کرکے شادی کردی۔ ونی کی جانیوالی 14 سالہ تانیہ اپنی پھوپی کو لیکر تھانہ پہنچ گئی۔ پولیس نے لڑکی کے باپ، دولہا، مولوی سمیت 9 افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ در ج کرلیا۔ چار ماہ قبل قصبہ جاڑا کے عدنان نے اپنے ہی گائوں کی لڑکی سو نیا کو اغوا کر لیا۔ سونیا کے والد نواز اور عدنان کے والد رمضان نے رشتہ داروں کے کہنے پر اس شرط پر صلح کرلی کہ عدنان کی 14سالہ بہن تانیہ کی شادی سونیا کے بھائی شاہین سے کردی جائے چنانچہ تانیہ کی رضامندی کے بغیر زبردستی اسکا نکاح شاہین سے کرکے ونی کردیا گیا۔ سسرال میں اسکے ساتھ نامناسب سلوک روا رکھا گیا۔ تانیہ موقع پاکر اپنی پھوپھی سیداں کے پاس آگئی اور تمام حالات سے آگاہ کیا۔ جس پر پھوپھی اسے لیکر تھانہ ساہیوال پہنچ گئی۔ پولیس نے ونی کے الزام میں مقدمہ درج کر کے نکاح خواں مولوی منظور احمد، دولہا شاہین، تانیہ کے باپ رمضان، چچا غلام محمد شادی کے گواہان ثاقب، خالق داد، فرخ جاوید وغیرہ 9 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔