صحت اور تعلیم کے اخراجات میں اضافہ نہ کیا تو پیچھے رہ جائیں گے: صدر
راولپنڈی (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے قومی اقتصادی بحالی کے لیے تین رکنی فارمولا دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف جہاد، دیانتداری سے ذمہ داریوں کی ادائیگی اور اقتصادی منصوبوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہیں،معاشی استحکام کا واحد راستہ اقتصادی شاہراہ کی بروقت تکمیل اور اس کی کامیابی ہے،اگر اقتصادی منصوبے بروقت مکمل نہ ہوئے تو اقتصادی بحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکئے گا، دل کی بیماری موت کی بڑی وجہ بن چکی ہے، اس سے نمٹنے کیلئے فوری موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔ وہ ہفتہ کو یہاں دل کے امراض پر بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کررہے تھے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت تعلیم پر چار اور صحت پرآمدنی کا پانچ فیصد خرچ کرنا چاہتی ہے تاہم قرضوں کے دباؤ کی وجہ سے ایسا کرنا ممکن نہیں رہا۔ صدر نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے اخراجات میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، صحت اور تعلیم کے اخراجات میں اضافہ نہ کیا گیا تو ہم اقوام عالم میں پیچھے رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی آمدنی کا ایک بڑا حصہ بدعنوانی کی نذر ہو جاتا ہے، معاشرے کی خرابیوں کی اصلاح فوری نہیں ہوسکتی لیکن ہمیں ابھی سے کوششیں شروع کر دینی چاہیں۔