• news

افغانستان: فورسز کی کارروائی، اہم کمانڈر ملا وزیر اور خود کش حملہ آور سمیت 13 طالبان ہلاک

کابل (اے پی پی+ آئن لائن+ نوائے وقت نیوز) افغان سکیورٹی فورسز کے ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے اہم طالبان کمانڈر ملا وزیر، خود کش حملہ آور سمیت 13 طالبان کو ہلاک،متعدد کو زخمی کر دیا۔ افغان میڈیا کے مطابق کابل میں وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ ہلمند کے ایک پولیس عہدیدار پاچہ گل بختیار نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز ضلع گریشک کے علاقہ حیدرآباد میں ایک خود کش حملہ آور نے پولیس چیک پوسٹ کے قریب بارودی مواد سے بھری کار کو دھماکہ سے اڑادیا۔ اس حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور 7زخمی ہوگئے۔ ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ صوبہ وردک کے ضلع جالریز میں سکیورٹی فورسز نے اعلی الصبح طالبان کے ٹھکانے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں اہم کمانڈر ملا وزیر سمیت چار طالبان ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ تخار‘ قندوز‘ وردک اور دیگر صوبوں میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں تیرہ طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔افغانستان کے شمالی صوبے قندوز مین بھی دھماکہ ہوا۔ خبر ایجنسی کے مطابق دھماکے میں 10 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا۔

ای پیپر-دی نیشن