• news

یمن میں سماجی شخصیت ماجد چودھری ہم وطنوں کی خدمت میں پیش پیش ہیں

کویت سٹی(نمائندہ خصوصی) برادر یمن میں سعودی عرب اور اس کے حلیف ممالک کی فضائی کارروائیوں کے بعد یمن میں سماجی عمل بُری طرح متاثر ہو کر رہ گیا ہے جس کے باعث یمن میں مقیم بین الاقوامی قومیت کے حامل افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ پاکستانی تارکین ِ وطن کی تعداد تقریباًتین ہزار بتائی جا رہی ہے جو بسلسلہ روزگار یہاں رہائش پذیر ہیں ۔ آزمائش کی اس گھڑی میں کویت کی معروف سماجی شخصیت ماجد علی چودھری یمن میں اپنے ہم وطنوں کی خدمت کیلئے شبانہ روز کمر بستہ ہیں ۔یاد رہے کہ ماجد علی چودھری کویت اور پاکستان کے علاوہ یمن میں پاکستان نیشنل انگلش سکول کی پانچ برانچیں قائم کر چکے ہیں جس پر حکومتِ یمن کئی بار اُن کی پذیرائی کر چکی ہے ۔ حالیہ بحران میں چودھری ماجد کے یمن میں واقع شہر حدیدہ ، شہر عدن ، شہر مکلہ ، شہر اِب ، شہر تائیز کے تمام سکولوں میں محفوظ پناہ گاہیں بنائی گئی ہیں ، جہاں سکول مینجمنٹ کی طرف سے تمام محصورین کو رہائش اور خوراک کی سہولتیں بہم پہنچائی جا رہی ہیں ۔ جس پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کی ایماء پر پاکستان کرائسزز مینجمنٹ سیل کے انچارچ بریگیڈیئر عثمان اور کرنل سیف قریشی نے کویت میں رہائش پذیر ماجد علی چودھری کی کوششوں کو بذریعہ ٹلی فون کال سراہتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے یمن میں محصور پاکستانیوں کی بے لوث خدمت پر اُن کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ جواباً جناب ماجد علی چودھری نے پاکستانی کمیونٹی ویلفیئر کیلئے اپنی کاوشوں کو جاری رکھنے کا یقین دلایا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن