کارکن ایسی کوئی بات نہ کریں جس سے ماحول خراب ہو: الطاف حسین
کراچی (خصوصی رپورٹر) الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں آپریشن کے نام پر جو ظلم ہو رہا ہے اس کے باعث عوام کے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ جمعہ کی شب کریم آباد میں پیش آنے والے واقعہ کے بارے میں نجی ٹی وی پر خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کریم آباد میں ایم کیو ایم کا کوئی کیمپ نہیں تھا وہاں صرف پی ٹی آئی کا کیمپ تھا۔ پی ٹی آئی کے رہنما اپنی تقاریر اور بیانات میں جو اشتعال انگیز باتیں کررہے ہیں‘ اس پر علاقے کے عوام کو غصہ آیا اور انہوں نے پی ٹی آئی کے کیمپ پر دھاوا بولا جو قابل مذمت ہے اور میں اس واقعہ پر تحریک انصاف کے دوستوں سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ الطاف حسین نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بھی افسوس ہوتا ہے کہ میں پانچ ہزار میل دور بیٹھا ہوں لیکن کراچی میں کوئی بھی قتل ہوتا ہے تو پی ٹی آئی کے رہنما فوراً اس کا الزام مجھ پر لگادیتے ہیں۔ زہرہ شاہد کا قتل ہوا تو عمران خان نے فوراً اس کا الزام مجھ پر لگادیا جب ایسے بے بنیاد الزامات لگتے ہیں تو میرے چاہنے والوں کے دل د کھتے ہیں لہٰذا ایسا نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی جانب سے ایسی کوئی بات نہ کریں جس سے ماحول خراب ہوں۔