• news

تحریک انصاف کی انتخابی مہم کیلئے 200 طالبات کو بھرتی کر لیا گیا

راولپنڈی( آن لائن ) تحریک انصاف نے راولپنڈی میں کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات کی مہم کے لیے 200 نوجوان خواتین کو بھرتی کرلیا ہے۔پارٹی نے راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹ میں گھر گھر مہم کے لیے خواتین پر مشتمل دو ٹیمیں تشکیل دی ہیں جن میں زیادہ تر خواتین یونیورسٹی کی طالبات ہیں۔واضح رہے کہ کنٹونمنٹ ایریاز میں بلدیاتی انتخابات 25 اپریل کو منعقد کیے جائیں گے۔ایک سینیئر پی ٹی آئی رہنما نے میڈیا کو بتایا کہ جماعتی بنیادوں پر انتخابات کے اعلان کے بعد تحریک انصاف نے اپنی بنیادی فورس یعنی نوجوانوں کو الیکشن مہم کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن کی سربراہی شمالی پنجاب کے جنرل سیکرٹری زاہد کاظمی، رکن صوبائی اسمبلی عارف عباسی اور آصف محمود، چوہدی مقارب، یاسمین فاروقی اور سبرینہ جاوید کریں گی۔پی ٹی آئی رہنما کے مطابق ہر ٹیم میں تقریباً 100 خواتین شامل ہوں گی جو شہری حقوق اور گڈ گورننس سے متعلق عمران خان کے پیغام کی تشہیر کے لیے 7 اپریل سے اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی ہر رکن خاتون کو ان کی شناخت کے لیے کارڈز جاری کرے گی جبکہ انھیں پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے دفتر میں ٹریننگ دی جائے گی۔ پی ٹی آئی رہنما کے مطابق اس مہم کا بنیادی مقصد خواتین ووٹرز کو متحرک کرنا ہے۔ گھر گھر مہم کا آغاز 6 اپریل کو راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے عوامی جلسے کے بعد کیا جائے گا۔انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سلسلے میں ایک خصوصی انفارمیشن ٹیکنالوجی سیل بھی قائم کیا جا چکا ہے تاکہ پارٹی کے پیغام کو ایس ایم ایس کے ذریعے پھیلایا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن