مقبوضہ کشمیر: بارودی سرنگ کا دھماکہ، 3 مزدور: برفانی تودہ گرنے سے 4 بھارتی فوجی ہلاک
سرینگر (بی بی سی + اے پی پی + آئی این پی) مقبوضہ کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 3 مزدور اور لداخ میں برفانی تودہ گرنے سے 6 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بارودی سرنگ پھٹنے کا واقعہ پیرپنجال پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع راجوری ضلع میں لائن آف کنٹرول کے قریب پیش آیا۔ فوج کا کہنا ہے کہ ایل او سی سے 80 کلومیٹر دْور جانجھر گاؤں میں 42 سالہ شری رمانی، 38 سالہ مونی سنگھ اور 26 سالہ وجے کمار نامی تین مزدور کھیتوں میں جا رہے تھے کہ انھوں نے غلطی سے ایک بارودی سرنگ اْٹھا لی جو زوردار دھماکہ سے پھٹ گئی۔ اس واقعہ میں تینوں مزدور ہلاک ہو گئے جبکہ قریب ہی موجود ایک اور کسان شدید زخمی ہو گیا۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ سرنگ بھارتی فوج نے بچھائی تھی۔ فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حالیہ تیز بارشوں کی وجہ سے عبوری سرحد کے قریب نصب کئی بارودی سرنگیں کھسک کر کھیتوں کی طرف آ گئی ہیں اور ان ہی میں سے ایک سرنگ کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ کولیشن آف سول سوسائٹیز کے ترجمان خرم پرویز کہتے ’ہم نے بھارتی حکومت سے رابطہ کیا، پھر ہم پاکستان گئے، جہاں ہم نے پاکستانی حکومت اور فوج سے رابطہ کیا۔ ہم نے کشمیر میں حریت قیادت سے بھی بات کی۔ انہوں نے تحریری طور یہ ضمانت دی کہ وہ اپنی کارروائیوں میں انسان کش بارودی سرنگوں کا استعمال نہیں کریں گے۔‘ خرم پرویز خود بھی ایک بارودی دھماکے میں اپنی ٹانگ کھو بیٹھے ہیں۔ جبکہ جموں و کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکانات گرنے کے باعث ملبے تلے دبی مزید 3 نعشیں برآمد کر لی گئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی۔ ہفتہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ہمالیہ کے سلسلے میں بھارتی فوجی کی ایک گاڑی برفانی تودے کی زد میں آ گئی جس کے نیچے دب کر 4 فوجی ہلاک ہو گئے۔ ضلعی افسر سواگت بیسوا کا کہنا ہے کہ فوجی اہلکاروں نے ضلع لہہ کے گائوں چنگ لا میں برفانی تودے تلے دبی چاروں نعشوں کو نکال لیا ہے۔