• news

اورکزئی : حملے میں زخمی تین اہلکار شہید‘ جھڑپ بارہ دہشت گرد ہلاک‘ وادی تیراہ میں بمباری چار مارے گئے

خیبر ایجنسی+ ہنگو (آن لائن+ نوائے وقت نیوز) خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک، 5 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ 3 ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔ اورکزئی ایجنسی میں جھڑپ کے دوران 12 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ ہفتہ کی رات سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں زخمی ہونیوالے مزید 3 اہلکار شہید ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ کے علاقے روہی میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ 5 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے تین ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کے ٹھکانے پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی جس کے نتیجے میں4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک اور گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور لشکر اسلام سے تھا ۔ دوسری جانب اورکرزئی ایجنسی کے علاقے کاکشہ میں ہفتہ کی رات کو دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا تھا جس کے دوران ایک اہلکارشہید اور 5 زخمی ہوگئے تھے جن میں سے گزشتہ روز مزید 3 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ شہید اہلکاروں میں نائیک یٰسین، نائیک نوید، نائیک سلطان اور سپاہی افتخار شامل ہیں۔ بعدازاں بی بی سی کے مطابق سکیورٹی فورسز کا ایک قافلہ کوہاٹ سے اپر اورکزئی ایجنسی کے علاقے غلجو جارہا تھا کہ کاشہ کے مقام پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا۔ شہید ہونے والے اہلکاروں کا تعلق آزاد کشمیر رجمنٹ سے بتایا جاتا ہے۔ ادھر پاکستان میں دولت اسلامیہ کے ترجمان شاہد اللہ نے بی بی سی کو کسی نامعلوم مقام سے فون کرکے فورسز پر حملے کی ذمہ داری اپنی تنظیم کی جانب سے قبول کر لی ہے۔ یاد رہے یہ پہلی مرتبہ ہے کہ دولت اسلامیہ کی طرف سے پاکستان میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والے کسی حملے کی ذمہ داری قبول کی گئی ہے۔
3 اہلکار شہید
 

ای پیپر-دی نیشن