• news

چارسدہ : رشتہ کا تنازعہ‘ سابق منگیتر سمیت 10 افراد پر مشتمل چچا کا پورا خاندان قتل کر دیا

چارسدہ ( نامہ نگار+ اے ایف پی) تحصیل تنگی کے علاقہ تاج الدین مشین کلے میں نوجوان نے رشتہ کے تنازع پر فائرنگ کرکے اپنے چچا اور چچی، سابق منگیتر سمیت دس افراد کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم گل احمد سید ولد شیر نواب نے 29 نومبر 2014 کو اپنے ماں باپ بھائی اور بھابھی کو فائرنگ کرکے اس وجہ سے قتل کردیا تھا کہ اسکے والدین نے اسکی منگنی چچا کی بیٹی سے تو کردی تھی لیکن دونوں خاندانوں کے درمیان زیور کی کمی بیشی کے مسئلے پر رنجش پیدا ہوگئی تو اس وجہ سے اسکے والدین اپنے بیٹے کی شادی نہیں کر رہے تھے جس پر ملزم بھی اپنے والدین سے ناراض تھا جس کے بناءپر اس نے طیش میں آکر اپنے والدین اور بھائی سمیت گھر کے چار افرا د کو موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد راہ فرار اختیار کی تھی۔ اب ملزم نے اپنے چچا جمال کے گھر پررات ساڑھے 3بجے اپنے ساتھیوں سمیت دھاوا بول کر اپنے چچا، چچی، ان کے 4 بیٹوں اور 4 بیٹیوں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ جاں بحق افراد میں چچا جمال، چچی زر پری، چچا زاد شاہ خالد 22 سال، فیصل 20سال، عرفان 16سال، ابو بکر 13سال، نویدہ 25 سال، کلثوم 20سال، سمیرا 19 سال اور فاطمہ 15سال شامل ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق گل احمد نے چچا کے خاندان کو اے کے 47 رائفل سے نشانہ بنایا۔ ضلعی پولیس کے سربراہ سیف اللہ خان نے اے ایف پی کو بتایا کہ گل احمد نے 6 ماہ قبل اپنے والدین اور دو بڑے بھائیوں کو بھی سابق منگیتر سے شادی کے بدلے رہائشی پلاٹ لڑکی کے نام نہ کرانے پر قتل کر دیا تھا اور اس مقدمہ میں مفرور تھا۔ ایک اور پولیس افسر گلزار خان نے بتایا کہ ملزم گل احمد والدین اور بھائیوں کو قتل کرنے کے بعد سابق منگیتر کے گھر والوں سے بھی سخت ناراض تھا۔ مزید برآں نیوز ایجنسیوں کے مطابق مقتولین کی نعشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تنگی منتقل کی گئیں جہاں پوسٹ مارٹم میں تاخیر پر ان کے لواحقین نے ہسپتال کے اندر احتجاج بھی کیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک افراد کے رشتے داروں کے بیان پر ابتدائی رپورٹ درج کرلی گئی ہے۔ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ بعد ازاں جاں بحق افراد کو سپرد خاک کر دیا گیا۔
قتل

ای پیپر-دی نیشن