پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھارتی مالی امداد کی پیشکش ٹھکرادی
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھارتی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے مالی امداد کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد علی کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف نے بھارتی ہاکی فیڈریشن سے مالی معاونت کے لئے کوئی درخواست نہیں کی تھی لیکن مالی امداد کے اعلان پر ہم بھارتی ہاکی فیڈریشن کے شکر گذار ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ حکومت پاکستان اور پاکستان ہاکی فیڈریشن جلد مالی بحران سے نکلنے میں کامیاب ہو جائینگے ۔ واضع رہیکہ ہاکی انڈیا کے سیکرٹری محمد مشتاق احمد نے پی ایچ ایف کے سیکرٹری رانا مجاہد سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ای میل میں مالی بحران سے نکالنے کے لئے امداد کی پیشکش کی تھی ۔ سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ ایسا ہرگز نہیں ہو سکتا کہ اپنے قومی کھیل کے لیے بھارت یا کسی ملک سے فنڈز مانگے جائیں۔ ہماری حکومت ملک میں دیگر مسائل سے دوچار ہے جس سے نکلنے کے بعد ضرور قومی کھیل کی ترقی کی جانب توجہ دے گی۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف خود کھیل سے پیار کرتے ہیں ہے انشااﷲ جلد اپنا قیمتی وقت قومی کھیل کو دینگے۔ اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کا تربیتی کیمپ جلد دوبارہ شروع ہوگا جس کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔