پاکستان بھارت بیس بال ٹیموں کے درمیان سیریز اگست میں ہوگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور بھارتی پنجاب کی بیس بال ٹیموں کے درمیان رواں سال اگست میں انڈوپاک سیریز کا انعقاد کرایا جائے گا جس کے لئے دونوں ممالک کی پنجاب ایسوسی ایشن کے درمیان معاملات طے پا رہے ہیں۔ یہ بات پاکستان فیڈریشن آف بیس بال کے صدر خاور شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بیس بال کا بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیل کے مواقعے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ویسٹ ایشیا کپ کے ساتھ کئی اہم ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیمیں اچھی کارکردگی دکھا چکی ہیں۔ حال ہی میں پاکستان نے اسلام آباد میں ایک انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے اور ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا جس پر ہمیں فخر ہے۔