• news

قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ :مردوں کا ایونٹ آرمی کے نام

لاہور (سپورٹس رپورٹر) 46ویں قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ کے مردوں کا ایونٹ آرمی جبکہ خواتین کا ایونٹ واپڈا نے جیت لیا۔ جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں تین روزہ چیمپئن شپ کے مردوں کا ایونٹ آرمی نے اپنے نام کیا، واپڈا نے دوسری جبکہ پاکستان ایئرفورس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آرمی کے اتھلیٹس نے 13طلائی، 14چاندی اور کانسی کے پانچ تمغوں کے ساتھ 389پوائنٹس حاصل کئے جبکہ واپڈا کے اتھلیٹس 8طلائی ، پانچ چاندی اور9کانسی کے تمغوں کے ساتھ 257اور پاکستان ایئر فورس نے 1طلائی ، 2چاندی اور 5کانسی کے تمغوں کے ساتھ 84پوانئٹس حاصل کئے۔ دوسری جانب خواتین کا ایونٹ واپڈا نے جیتا جبکہ ہائرایجوکیشن کمیشن اور آرمی نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ واپڈا کی خواتین اتھلیٹس نے 17طلائی،10چاندی اور 4کانسی کے تمغوں کے ساتھ 395پوائنٹس، ہائرایجوکیشن کی اتھلیٹس نے 7چاندی اور 9کانسی کے تمغوں کے ساتھ155جبکہ آرمی کی اتھلیٹس نے 3طلائی ،ایک چاندی اور 7کانسی کے تمغوں کے عوض126پوائنٹس حاصل کئے۔ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) اکرم ساہی تھے جنہوں نے مردوں اور خواتین کے ایونٹس کی فاتح ٹیموں کو ٹرافیاں پیش کیں۔

ای پیپر-دی نیشن