• news

عمران خان نوازشریف کے اشاروں پر چل رہے ہیں: جمشید دستی

دینہ (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے گٹھ جوڑ نے ملک کو کنگال کر دیا ہے، آج ہمارا ملک کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے قرضوں پر چل رہا ہے، نواز شریف اور زرداری اپنی دولت پاکستان میں لے آئیں تو ہمیں کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں ہے، عمران خا ن نواز شریف کے اشاروں پر چل رہے ہیں جن کے غبارے سے ہوا نکلنے والی ہے یہاں سب اپنی جیبیں بھرنے میں لگے ہوئے ہیں، احتساب بل پاس ہونے سے کرپشن رک سکتی ہے ہر شہری کو ظالم حکمرانوں کی کرپشن کو روکنے کیلئے اٹھنا ہو گا میری سائیکل ملک میں کرپشن کے خاتمے تک نہیں رکے گی، ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے حکومت کے خلاف مظفر گڑھ سے نکالی جانیوالی سائیکل ریلی کے دینہ پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ملک کی دو بڑی جماعتوں نے باری کے چکر میں صرف عوام کو لوٹا ہے ایک چلا جاتا ہے تو دوسرا آجا تا ہے اگر ہم نے ملک کو کرپشن سے پاک نہ کیا تو ہمارے ملک میں خانہ جنگی جیسا ماحول پیدا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سائیکل مارچ کرپشن کے خلاف ہے اسمبلی سے کرپشن کے خاتمے کا بل منظور ہونا چاہئے، ہمارا ملک اس وقت خود دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ہمیں سعودیہ اور یمن کی لڑائی میں شریک ہونے کی بجائے مفاہمتی اور ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ جمشید دستی نے دینہ میں رات قیام کیا، متعدد شخصیات سے ملاقاتیں کیں، صبح اسلام آباد کی طرف سائیکل مارچ رواں دواں ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن