یمن میں منتخب حکومت کیخلاف بغاوت کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی سازش مسلم امہ متحد ہو کر ناکام بنائے: فضل الرحمن خلیل
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) انصار الامہ پاکستان کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہا ہے کہ یمن میں منتخب حکومت کے خلاف بغاوت کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کی جا رہی ہے‘ سعودی عرب نے یمن کے منتخب صدر کی درخواست پر ایک برادر مسلم ملک کی مدد کی ہے جو کہ انسانی اور اخلاقی کے ساتھ ساتھ مذہبی فریضہ بھی ہے اور کہا ہے کہ اگر مسلم ممالک پہلے ہی ایک دوسرے کی مدد کیلئے متحد ہو جاتے تو امت مسلمہ کو آج عراق‘ افغانستان‘ چیچنیا‘ شام‘ لیبیا‘ بحرین جیسے مسائل کا سامنا نہ ہوتا جبکہ کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ مسئلے بھی حل ہو چکے ہوتے۔ گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یمن میں منتخب حکومت کے خلاف جاری بغاوت کی سرکوبی کیلئے عرب ممالک کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔ مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہا کہ پاکستان کی مقتدر دینی جماعتوں پر مشتمل تحریک دفاع حرمین شریفین فورم کے تحت آٹھ اپریل کو اسلام آباد میں سربراہی اجلاس منعقد ہو گا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔