کوئٹہ: سرچ آپریشن میں 4 خودکش بمباروں سمیت 11 دہشت گرد گرفتار
کوئٹہ+ پشاور (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت نیوز) کوئٹہ میں ایف سی کے سرچ کے دوران کالعدم تنظیم کے 11 دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے ہیں جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں حساس اداروں کی اطلاع پر ایف سی نے ایک گھر میں چھاپے مار کرکالعدم تنظیم کے 11 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل ہیں جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، خودکش جیکٹس اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ایف سی نے بروقت کارروائی کر کے تخریب کاری کی بڑی کارروائی کو ناکام بنا دیا ہے۔ دریں اثنا پشاور پولیس نے تین ماہ کے دوران سرچ آپریشنز میں چار ہزار افغان باشندوں کو گرفتارکیا، پولیس ریکارڈ کے مطابق پولیس نے تین ماہ کے دوران سرچ آپریشنز کے دوران 3 ہزار 8 سو 82 افغان باشندوں کو گرفتار کیا جو پشاور میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔ 2 سو 63 اشتہاری ملزمان بھی گرفتار ہوئے جبکہ چار پولیس مقابلوں میں ہلاک ہوئے۔ علاوہ ازیں ہزار گنجی کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں ہینڈ گرنیڈ، راکٹ لانچرز اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔ ادھر اسلام آباد میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 46 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ادھر جمرود کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے کمانڈر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں حجام کی دکان پر نامعلوم مسلح افراد نے دستی بم سے حملہ کیا اور فائرنگ کی جس کے باعث 2 افراد زخمی ہو گئے۔