زہر آلود اشیا بیچنے والوں کی جگہ جیل ہے: شہباز شریف، شادیوں میں ون ڈش ، اوقات پر سختی سے عملدرآمد کا حکم
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کیا، جس میں پنجاب بھر میں ملاوٹ کے خلاف بھرپور مہم چلانے کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہعام آدمی کو معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اور پنجاب حکومت اپنی یہ ذمہ داری بطریق احسن نبھائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اشیاء خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور اشیاء خوردونوش میں ملاوٹ کرنے اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ اجلاس کے دوران ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں متعلقہ محکموں اور اداروں کو ملاوٹ کے خلاف جامع اور موثر ایکشن پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ عوام کو زہر آلود اشیاء بیچنے والوں کی جگہ جیل ہے، اس ضمن میں موجودہ قانون میں ضروری ترامیم کا جائزہ لیا جائے اور جامع پلان مرتب کرکے اس پر موثر عملدرآمد کے حوالے سے بھی سسٹم وضع کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی، ڈویژن، ضلعی اور تحصیل کی سطح پر عملدرآمد کے حوالے سے جامع میکانزم مرتب ہونا چاہئے۔ مزید برآں شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ جس میں باب پاکستان کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے خصوصی طورپر اجلاس میں شرکت کی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باب پاکستان کا منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ باب پاکستان تحریک پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والے ہمارے آبائو اجداد کی یاد میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔ نئی نسل کو تحریک پاکستان اور قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد سے روشناس کرانا قومی ذمہ داری ہے۔ باب پاکستان کا منصوبہ قیام پاکستان کیلئے دی گئی قربانیوں کو اجاگر کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ باب پاکستان فائونڈیشن تشکیل دے کر بورڈز کے ممبران کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ تاریخی نوعیت کے اس منصوبے کی تکمیل کیلئے فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ باب پاکستان کے منصوبے میں گرائونڈز اور کھیلوں کی سہولتیں فراہم کرنے کا جائزہ لیا جائے۔ تحریک قیام پاکستان کے حوالے سے تصاویر اور آرٹسٹوں کو پروموٹ کرنے کے حوالے سے بھی پلان بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کے باعث ہمیں آزاد خطہ پاکستان نصیب ہوا۔ لاکھو ںکی تعداد میں مسلمانوں کو ہجرت کے تکلیف دہ مرحلے سے گزرنا پڑا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ باب پاکستان کا منصوبہ مسلمانوں کی ہجرت اور قربانیوں کی یاد تازہ کرے گا۔ منصوبے کی اسی تاریخی اہمیت کے پیش نظر اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے پنجاب بھر میں شادی کی تقریبات کے مقررکردہ اوقات اور ون ڈش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ قانون پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مقررکردہ اوقات اور ون ڈش پرپابندی کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شادی کی تقریبات کے مقررکردہ اوقات اور ون ڈش پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ مزید برآں شہبازشریف نے بہاولپور اور گردونواح میں طوفان و بادوباراںسے ہونیوالے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے مظفر گڑھ (کوٹ ادو) سے تعلق رکھنے والے ایم این اے سلطان محمود ہنجرانے گزشتہ روز ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے سلطان محمود ہنجرا کی درخواست پر چوک سرور شہید کو نئی تحصیل بنانے کے حوالے سے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو ’’خادم پنجاب دیہی روڈ پروگرام‘‘ کے باقاعدہ افتتاح پر مبارکباد دی۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے ویژن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’پکیاں سڑکاں …سوکھے پینڈے‘‘ ایک انقلابی پروگرام ہے جس سے دیہی معیشت کو استحکام ملے گا اور دیہی آبادی کو آمدورفت کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے اور منفرد پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ دیہی علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ پروگرام کی ذاتی طورپر خود نگرانی کروں گا۔