جوڈیشل کمشن کیلئے صدارتی آرڈیننس کیخلاف سپریم کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمشن قائم کرنے کیلئے صدارتی آرڈیننس کے اجراء کے خلاف آئینی پٹیشن دائر کردی گئی۔ درخواست میں وفاقی حکومت، صدر مسلم لیگ (ن) اور صدر تحریک انصاف اور سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ دھاندلی کے معاملے کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمشن کا قیام آرٹیکل 225 کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ صدارتی آرڈیننس ملک میں متوازی عدالتی نظام قائم کرنے کے مترادف ہے جس کی آئین میں کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔ جوڈیشل کمشن کی جانب سے فوج اور حساس اداروں کو بھی بلایا جاسکتا ہے۔ فوج کوہر مسئلے میں نہ الجھایا جائے، ایسا کرنے سے اس کی پیشہ وارانہ صلاحیت متاثر ہوگی۔ آئین کے تحت دھاندلی کے خلاف صرف الیکشن ٹربیونل اور سپریم کورٹ سے ہی رجوع کیا جاسکتا ہے مگر جوڈیشل کمشن کے قیام کے بعد متعلقہ فورمز کو بے وقعت کردیا گیا ہے۔