تحریک انصاف کی پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کیخلاف مسلم لیگی رہنما ظفر علی کی ہائیکورٹ میں درخواست
اسلام آباد (وقائع نگار) عمران اور تحریک انصاف کے ارکان کی پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کے خلاف حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما سید ظفر علی شاہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ سات ماہ قبل مستعفی ہوچکے ہیں اب سات ماہ بعد پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کی ایوان میں واپسی سے ان کی حیثیت ایک اجنبی کی سی ہوگئی ہے۔ درخواست میں استدعاکی گئی ہے کہ عدالت عالیہ پی ٹی آئی ارکان کی حیثیت کے حوالے سے پائے جانے والے قانونی ابہام کے بارے میں فیصلہ کرے۔ درخواست میں وفاق، سپیکر قومی اسمبلی، قائد ایوان، قائد حزب اختلاف اور الیکشن کمشن کو فریق بنایا گیا ہے۔ عمران خان سمیت تحریک انصاف کے تمام ارکان قومی اسمبلی بھی فریقین کی فہرست میں شامل ہیں۔