صوابی: موٹرسائیکل سواروں کی گاڑی پر فائرنگ‘2 خواجہ سرا جاں بحق
پشاور(نیٹ نیوز) خیبر پی کے کے ضلع صوابی میں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر حملہ کر کے دو خواجہ سراؤں کو قتل کر دیا جبکہ دو افراد زخمی بھی ہوئے۔ واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب صوابی کے علاقے سوڈیر میں یار حسین پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔ یار حسین پولیس سٹیشن کے انچارج ابرار خان نے بی بی سی کو بتایا کہ خواجہ سراؤں کا ایک گروپ کی صورت میں محفل موسیقی ختم ہونے کے بعد واپس جارہا تھا تین موٹرسائیکلوں پر سوار 6افراد نے انہیں اغوا کرنا چاہا مزاحمت پر فائرنگ کردی جس سے دو خواجہ سرا ہلاک اور تین دیگر افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں ایک خواجہ سرا ڈرائیور اور ایک ڈھولک بجانے والا شامل ہیں تینوں زخمیوں کو پشاور منتقل کردیا گیا۔ملزموں نے ایک خواجہ سرا کو اغوا کرلیا، تاہم بعد میں اسے بازیاب کرا لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے حملے میں ملوث پانچ ملزموں کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے تاہم ایک فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بظاہر لگتا یہ ہے کہ ملزمان ہلاک ہونے والے خواجہ سراؤں کے عشق میں مبتلا تھے کیونکہ یہ اْن کی ہر محفل موسیقی میں شرکت کرتے تھے۔ ہلاک ہونے والے خواجہ سراؤں کی عمریں 18 سے 20 سال کے لک بھگ بتائی جاتی ہیں۔