لوڈشیڈنگ جاری، لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا، کاروبار بھی متاثر
لاہور (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا جبکہ کاروبار بھی شدید متاثر رہے۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق طویل لوڈشیڈنگ نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنادی۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق ضلع کے دیہی علاقوں میں بجلی کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ سرائے عالمگیر سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کردیا اور وہ سراپا احتجاج بن گئے اورمظاہرہ کیا۔ الٰہ آباد/ ٹھینگ موڑ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مسلسل 18 گھنٹے بجلی بند رہنے سے پانی نایاب ہوگیاجس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔