• news

صولت مرزا سے رشتہ داروں کی ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات،جے آئی ٹی کا نوٹیفکیشن دوبارہ جاری کرنیکا فیصلہ

کوئٹہ+ اسلام آباد (ایجنسیاں) سینٹرل جیل مچھ میں سزائے موت کے قیدی صولت مرزا سے ویڈیو لنک کے ذریعے اہلیہ ، بھابھی اور دیگر رشتہ داروں سے ملاقات کرائی گئی۔ جیل حکام کے مطابق یہ ملاقات پیر کی صبح ہوئی۔ صولت مرزا کی پھانسی وزیراعظم نوازشریف کی درخواست پر صدر مملکت نے 30 اپریل تک ملتوی کی ہے۔ اس دوران مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ان سے تفتیش کریگی۔  دوسری جانب صولت مرزا  کے ویڈیو بیان کے بعد وزیراعظم کو بھجوائی جانے والی سمری میں غلطی کو درست کرکے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا نوٹیفکیشن دوبارہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم نوازشریف کو صولت مرزا کی پھانسی کی تاریخ میں 30 دن تک توسیع اور ویڈیو بیان کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کے حوالے سے جو سمری بھجوائی گئی تھی اس میں بعض قانونی خامیاں رہ گئی تھیں۔

ای پیپر-دی نیشن