کار حادثے نے چینی شخص کے معاشقوں کا راز فاش کردیا، بیک وقت 17 خواتین کو وفا کا یقین دلاتا رہا
بیجنگ (بی بی سی اردو) چین میں ایک شخص کی دھوکہ دہی کا راز اس وقت فاش ہو گیا جب ایک کار حادثے میں زخمی ہونے پر اس کی 17 محبوبائیں اس کی تیمارداری کے لیے ہسپتال پہنچ گئیں۔ یوآن نامی اس شخص کے بیک وقت 17 خواتین سے معاشقے چل رہے تھے اور ان میں سے ایک اس کے بچے کی ماں بھی تھی۔ یہ شخص کئی برسوں سے اپنی ہر محبوبہ کو اپنی وفا کا یہ کہہ کر یقین دلا رہا تھا کہ اس محبوبہ کے علاوہ اور کوئی عورت اس کی زندگی میں نہیں ہے لیکن اس کے معاشقوں پر سے پردہ اس وقت اٹھا جب ڈاکٹروں نے حادثے کے بعد اس کے ’پیاروں‘ سے رابطہ کیا۔ یوآن کے 17 معاشقوں کی داستان کا چین میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر خوب چرچا ہے اور ہزاروں لوگ اس بارے میں رائے دے رہے ہیں لیکن پولیس نے بھی اس کے خلاف دھوکہ دہی کے الزام میں تحقیقات شروع کر دی ہیں۔