جوڈیشل کمشن کے لئے3 ججوں کے نام دئیے جائیں، حکومتی خط سپریم کورٹ کو موصول
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) 2013ءکے انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمشن کے قیام کے حوالے سے خط سپریم کورٹ کو موصول ہوگیا جس میں چیف جسٹس سے تین ججز پر مشتمل کمشن کے قیام کی درخواست کی گئی ہے۔ منگل کو وزارت قانون اور پارلیمانی امور کی جانب سے جوڈیشل کمشن کے قیام کے لئے خط رجسٹرار سپریم کورٹ کو موصول ہوگیا جو چیف جسٹس ناصر الملک کو پہنچا دیا گیا۔ خط میں درخواست کی گئی کہ چیف جسٹس جوڈیشل کمشن کے قیام کے لئے تین ججوں کے نام تجویز کریں۔ جوڈیشل کمشن 45دنوں میں اپنی سفارشات پیش کرے گا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کو آرڈیننس کی نقل اور ٹی او آرز بھی بھجوائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت نے 2013ءکے انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کی تحقیقات کے لئے کمشن کے قیام کے لئے آرڈیننس جاری کیا تھا۔حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدے کے تحت حکومت 3 دن میں خط لکھنے کی پابند تھی تاہم حکومت نے مدت ختم ہونے سے ایک دن قبل ہی وزیراعظم نواز شریف کی منظوری سے خط لکھ دیا۔ وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے تحریر کردہ خط سیکرٹری قانون نے سپریم کورٹ میں بھیجا۔کمشن کی تشکیل جلد کئے جانے کا امکان ہے۔