• news

یمن کی صورتحال‘ مصر کے وزیر دفاع کی صدر‘جنرل راشد محمود، آرمی چیف سے ملاقاتیں، دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ/ سٹاف رپورٹر) مصر کے وزیر دفاع اور مصری افواج کے کمانڈر انچیف جنرل صادقی صبحی سید پاکستان کے دورہ پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ یمن بحران کے پس منظر میں مصری جنرل کی پاکستان آمد اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس بحران میں مصر اور پاکستان دونوں سعودی عرب کا ساتھ دے رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے ایک مختصر بیان میں بتایا گیا جنرل صادقی نے راولپنڈی میں چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اور جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران خطہ میں سلامتی کی صورتحال اور دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مصری فوج کے کمانڈر انچیف نے ایوان صدر میں صدر ممنون حسین سے بھی ملاقات کی۔ قابل اعتماد ذرائع کے مطابق ملاقات میں مصر کے کمانڈر انچیف نے صدر سے یمن کی صورتحال ‘ مشرق وسطیٰ کے بحران اور پاک مصر دفاعی تعاون سمیت اہم امور پر بات چیت کی۔

ای پیپر-دی نیشن