• news

امریکہ، سعودی عرب نے پاکستانی فلاحی تنظیم الفرقان پر پابندی لگا دی

واشنگٹن (رائٹرز) امریکہ اور سعودی عرب نے پاکستانی خیراتی ادارے الفرقان فاؤنڈیشن ویلفئر ٹرسٹ پر افغانستان اور پاکستان میں انسانیت کی خدمت کے لبادے میں انتہا پسند گروپوں کی مدد کرنے کے مبینہ الزام میں پابندی لگا دی ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ نے کہا کہ اس ادارے نے امریکی پابندیوں سے بچنے کیلئے اپنا نام بدلا تھا۔ جاری بیان میں دہشت گردوں کو مدد فراہم کرنے والوں کو بے نقاب کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ پابندی کے بعد امریکیوں کو الفرقان ٹرسٹ سے معاملات سے روک دیا گیا ہے۔ سعودی عرب نے بھی ٹرسٹ کو انسداد دہشت گردی قانون کے تحت اداروں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔امریکی محکمہ خزانہ نے الزام لگایا کہ پشاور میں کام کرنیوالا ’’الفرقان فائونڈیشن ویلفیئر ٹرسٹ‘‘، ’’افغان سپورٹ کمیٹی‘‘ اور ’’اسلامی ثقافتی سوسائٹی کی بحالی‘‘ کے نام سے کام کرنیوالے دو اداروں کا تسلسل ہے اور القاعدہ، طالبان اور لشکر طیبہ جیسے گروپوں کو مالی مدد فراہم کرتا رہا ہے۔ ان دونوں اداروں کو 2002ء میں عالمی دہشت گرد گروپ قرار دیا گیا تھا اور اقوام متحدہ کی القاعدہ پر پابندیوں کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن