نواز شریف نے وزراء کو لگام نہ دی تو سخت جواب دینگے: شاہ محمود
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم نے اپنے وزراء کو لگام نہ دی تو تحریک انصاف کی طرف سے سخت جواب دیا جائیگا۔ وزیراعظم نوازشریف کو خواجہ آصف کی زبان روکنی چاہئے تھی اور انہیں تنائوکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تھا لیکن افسوس ایسا نہیں ہوا، تحریک انصاف نے کل بڑی بردباری کا مظاہرہ کیا ورنہ زبان ہم بھی رکھتے ہیں، ہم خواجہ آصف کے جوتے نہیں اتروانا چاہتے، بس انکا رویہ درست کرانا چاہتے ہیں۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے پارلیمنٹ کے اہم اجلاس میں قومی توجہ کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ پر مرکوز کرکے تقسیم کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان سمجھتے ہیں کہ تحریک انصاف کے اسمبلی میں آنے سے جمہوریت مضبوط ہوگی جبکہ اسحاق ڈار بھی مذاکرات کے ذریعے معاملات سلجھانا چاہتے تھے۔ دھاندلی کے حوالے سے خواجہ آصف کا حلقہ بھی زیر بحث رہا ہے اسلئے انہیں زیادہ پریشانی لاحق ہوگئی تھی۔