شہبازشریف نے موبائل ہیلتھ یونٹس کی تعداد بڑھانے کی منظوری دیدی
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے انقلابی نوعیت کی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں۔ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔ وزیراعلیٰ نے موبائل ہیلتھ یونٹس کی تعداد میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ رواں مالی سال میں عالمی معیار کے مزید موبائل ہیلتھ یونٹس خریدنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ وہ گزشتہ روز ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میںموبائل ہیلتھ یونٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں موبائل ہیلتھ یونٹس میں طبی سہولتیں بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹس پنجاب کے دوردرا ز کے علاقوں میں عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کررہے ہیں، اس لئے موبائل ہیلتھ یونٹس کی تعداد میں اضافہ ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے استفادہ کرسکیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نئے موبائل ہیلتھ یونٹس میں طبی سہولتوں کی زیادہ سے زیادہ فراہمی یقینی بنائی جائے۔ موبائل ہیلتھ یونٹس کی کارکردگی جانچنے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ انتہائی ضروری ہے۔ صحت کی اعلیٰ معیار کی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ باقاعدگی سے ہونا چاہئے۔ موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے عوام کو مزید ادویات اورطبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور کارکردگی جانچنے کیلئے مانیٹرنگ کا جدید نظام اپنایا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قبضہ کی گئی محکمہ کی جنگلات کی اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کیلئے گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ شہبازشریف نے اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ محکمہ جنگلات کی قبضہ کی گئی اراضی کے ساتھ بعض شہروں میں صوبائی حکومت کی زمین پر ہونے والے قبضے بھی چھڑانے کیلئے فوری اور سخت اقدامات کئے جائیں اورقبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی کا ایک ایک انچ قبضہ مافیا سے واگزار کرائیں گے اوراس ضمن میں بلاامتیاز آپریشن ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے جنگلات سے درخت چوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ایسے عناصر کے خلاف بھی فوری قانون حرکت میں لایا جائے اور درخت چوری کی روک تھام کیلئے حفاظتی انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ قبضہ مافیا سے واگزار کرائی جانے والی محکمہ جنگلات کی اراضی پر بھرپور انداز میں شجرکاری کی جائے اور میدانوں کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں بھی نئے درخت لگائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے درخت لگانے کے ساتھ ان کی حفاظت کے حوالے سے بھی جامع پلان مرتب کیا جائے۔ پنجاب بھر میں شجرکاری کی مہم کو ایک مشن سمجھ کر آگے بڑھایا جائے اور اس ضمن میں جتنے بھی وسائل درکار ہوں گے، فراہم کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی دو ہفتے میں صوبہ بھر میں شجرکاری کا جامع پلان پیش کرے گی۔ مزید براں شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں زراعت اور لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبوں کی ترقی کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے شعبہ زراعت اور لائیوسٹاک میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔ زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبوں کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دے کر قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے اور روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔ فصلوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کاشتکاروں کو فارمنگ کے جدید طریقوں سے روشناس کرایا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم اور سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے یکسو ہے۔ پاک افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے۔ پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا ناپاک وجود مٹا کر دم لیں گے۔ وہ گزشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے ارکان اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے سینئر صحافی عمران سہیل کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔