• news

یمن:11 بھارتیوں سمیت182 محصورین کی پاک بحریہ کے جہاز پر واپسی

کراچی، لاہور ، اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ سٹاف رپورٹر+ خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس اصلت یمن سے 182 افراد کو لیکر کراچی پہنچ گیا جس میں بھارتیوں سمیت دیگر غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ پاکستان پہنچنے والے 182 مسافروں میں 146 پاکستانی، 11 بھارتیوں سمیت 36 غیرملکی شامل ہیں۔ وطن واپس پہنچنے والے محصورین کا کراچی بندرگاہ پر والہانہ استقبال کیا گیا۔ ادھر وزیراعظم نے بھارتی حکام کو انکے 11 افراد خصوصی طیارے کے ذریعے بھجوانے کی پیشکش کی جو بھارت نے قبول کرلی جس کے بعد مسافر آج نئی دہلی پاکستانی طیارے پر جائیں گے۔ پاک بحریہ کے مطابق یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو لیکر آنیوالا پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس اصلت کراچی پہنچ گیا ہے۔ انکا استقبال پاک بحریہ کے ریئرایڈمرل مختار خان جدون نے کیا۔ جہاز 182 افراد کو لیکر جیسے ہی پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہوا تو فضا پاکستان زندہ باد اور نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی۔ سبز ہلالی پرچم تھامے پاکستانی تو پاکستانی بلکہ جہاز پر سوار غیر ملکیوں نے بھی پاک بحریہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ یمن سے کراچی بندرگاہ پہنچنے والے محصورین میں 146 پاکستانی شہریوں کے علاوہ 36 غیرملکی بھی تھے جن میں 11 بھارتی، 8 چینی، 8 فلپائنی، 4 برطانوی 3، انڈونیشی، 2 شامی، کینیڈا، مصر اور اردن کے ایک ایک شہری شامل تھے۔ بعدازاں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت کے ذریعے یمن سے آنیوالے 134 پاکستانی مسافر قومی ائیر لائن کی پرواز نمبر پی کے 3062 کے ذریعے کراچی سے لاہور پہنچ گئے ہیں۔ یہ پاکستانی مسافر پاکستانی بحریہ کے جہاز پر گزشتہ دوپہر یمن سے کراچی بندرگاہ پر پہنچے تھے جنہیں بعدازاں پی آئی اے کی پرواز پر کراچی سے لاہور لایا گیا۔ لاہور ائیرپورٹ پر اس موقع پر انتہائی رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے یمن سے آنیوالوں کے عزیز و اقارب انہیں گلے لگا کر روتے رہے۔ مسافروں نے لاہور ائیرپورٹ پہنچنے پرپاکستانی حکومت اور پی آئی اے کے حق میں نعرے لگائے۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی شہریوں کے کراچی پہنچنے پر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشنر کو انکے شہری خصوصی طیارے پر بھجوانے کی پیشکش کی جس کا بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کی طرف سے مثبت جواب آیا اور یہ مسافر آج خصوصی طیارے پر نئی دہلی جائیں گے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق بھارت نے بھی پاکستانیوں کو حدیدہ سے نکالنے میں تعاون کیا تھا۔ بھارتی ہائی کمشنر ڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان یمن نے بھارتی شہریوں کے انخلا پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی شہریوں کے انخلا میں تعاون پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک دوسرے کی مدد کے اقدامات تعلقات میں بہتری کا موجب ہوسکتے ہیں۔ بھارتی ہائی کمشنر ڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان نے کہا ضرورت پڑنے پر تمام ہمسایہ ممالک کو ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔ سیلاب اور زلزلے کے دنوں میں بھارت نے بھی پاکستان کی مدد کی۔ رات گئے 134 محصورین لاہور پہنچے جن میں سے 77 کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے جبکہ 57 مسافروں کو اسلام آباد پہنچایا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن