• news

لاہور اور ساہیوال میں 2 مجرموں کو پھانسی، فیصل آباد میں ایک کو کل ہوگی

لاہور/ساہیوال/فیصل آباد(نامہ نگاران+نمائندہ خصوصی) کوٹ لکھپت جیل اور سنٹرل جیل ساہیوال میں 2 مجرموں کو پھانسی دیدی گئی جبکہ فیصل آباد اور لاہور میں 2 مجرموں کو کل تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ تفصیل کے مطابق کوٹ لکھپت جیل لاہور میں سزائے موت کے ایک اور قیدی طیب کو پھانسی دے دی گئی پھانسی پانے والے طیب پر الزام تھا کہ اس نے 2000ء میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فرقہ وارانہ لڑائی کے دوران ابرار نامی شخص کو قتل کردیا تھا۔ پھانسی سے قبل طیب کی اس کے اہل خانہ اور دیگر عزیزواقارب سے آخری ملاقات کرائی گئی، ملاقات میں اس نے اپنے ورثاء کو نصیحت کی کہ وہ ایسی غلطی کبھی نہ دہرائیں جیسی اس نے کی۔ طیب کے ورثاء رات بھر جیل کے باہر موجود اور روتے رہے صبح پھانسی کے وقت ورثاء میں موجود عورتیں دھاڑیں مار مار کر رونا شروع ہوگئیں پھانسی کے بعد طیب کی لاش اس کے ورثاء کے حوالے کردی گئی جس کو لیکر وہ اپنے آبائی شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ چلے گئے۔ دریں اثناء قتل کے ایک اور مجرم حامد سردار کو کل کوٹ لکھپت جیل میں تختہ دار پر لٹکائے جانے کا امکان ہے حامد سردار کو بہاولپور میں دوہرے قتل کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ سنٹرل جیل ساہیوال میں مقدمہ قتل کے مجرم جعفر کو پھانسی دیدی گئی۔ چند روز قبل ضلع اوکاڑہ دیپالپور کے رہائشی مجرم جعفر عرف کالی کی پھانسی ایک گھنٹہ قبل صلح ہونے پر عارضی طور پر روک دی گئی تھی۔ مجرم نے 1997ء میں اپنے رشتہ دار خلیل احمد اور اس کی بیٹی سعدیہ کو قتل کیا تھا تاہم معاملات طے نہ پانے کے باعث گزشتہ روز جعفر کو علی الصبح پھانسی دیدی گئی اور لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ مقدمہ ڈکیتی و قتل میں مجرم قیصر عرف بلا کو ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں کل تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ اس حوالے سے ڈیتھ وارنٹ ڈسٹرکٹ جیل انتظامیہ کو موصول ہوگئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن