لاہور، لاکھوں کی وارداتیں: گوجرانوالہ، پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک
لاہور + گوجرانوالہ (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں مختلف وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون، گاڑیاں،موٹر سائیکلیںاور دیگر سامان لوٹ لیا گیا جبکہ ہربنس پورہ میں 3روز قبل ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والا دکاندار گزشتہ روز ہسپتال میں دم توڑگیا جس پر ورثاء نے شدید احتجاج کیا ہے۔ جبکہ گوجرانوالہ میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ 2 فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ہربنس پورہ میں غلام فرید کی موبائل شاپ پرتین روز قبل ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے ولا جواں سال ملازم احسان الٰہی گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا ۔احسان الٰہی کی ہلاکت پر ورثا ء نے پولیس کیخلاف شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔ورثاء نے ہسپتال سے نعش پوسٹ مارٹم کے بغیر لے جانے کی کوشش کی جس پرپولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ علاوہ ازیں ڈاکوؤں نے نواب ٹائون کے رہائشی اعجاز کے گھر سے 10 لاکھ، گلشن راوی میں عرفان کے گھر سے 6 لاکھ، غالب مارکیٹ میں محمد احمد اور اسکی فیملی سے 5 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے نشتر کالونی میں نثار کے ڈرائیور سے 15 لاکھ کی کار اور نقدی، ٹائون شپ میں عامر سے 95 ہزار روپے اور موبائل فون،اچھرہ میں آصف سے 93 ہزار روپے اور موبائل فون،مسلم ٹائون میں ظہیر سے 90 ہزار روپے اور موبائل فون،کوٹ لکھپت میں خوشنودسے 55 ہزار روپے اور موبائل فون،نواب ٹائون میں شہباز سے 60 ہزار اور موبائل فون، شاہدرہ میں شاہد سے 29 ہزار اور موبائل فون،بادامی باغ میں ذیشان سے 20 ہزار اور موبائل فون، بھاٹی گیٹ میں ریاض سے 20 ہزار اور موبائل فون،گرین ٹائون میں شفیق سے 21 ہزار اور موبائل فون، ساندہ میں اختر سے 12 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے گجر پورہ سے سلیم، جنوبی چھاؤنی سے دلدار،شالیمار سے عادل کی کاریں جبکہ ڈیفنس بی سے وقاص، باغبانپورہ سے وسیم، پرانی انارکلی سے اشرف، کوٹ لکھپت سے شہباز، گجر پورہ سے ندیم، شاہدرہ سے نعیم، شاد باغ سے قاسم، مصری شاہ سے سرفراز، فیکٹری ایریا سے یوسف، جنوبی چھائونی سے عمران کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ علاوہ ازیں تھانہ گکھڑ کے علاقہ جی ٹی روڈ پر تین ڈاکو شکور نامی موٹر سائیکل سوار کو روک کر لوٹ مار کررہے تھے، اس دوران گشت پر مامور پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی جسے دیکھتے ہی ڈاکوئوں نے پولیس وین پر فائرنگ شروع کردی تاہم جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ 2 فرار ہوگئے۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ پر ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں کار سوار فیملی سمیت متعدد افراد لٹ گئے۔ ڈاکوئوں نے شیش محل کے قریب دکان میں گھس کر مالک دکان عبدالرشید سے 50 ہزار روپے اور موبائل چھین لیا اور مزاحمت پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ علاوہ ازیں برساتی نالہ کے قریب ڈاکوئوں نے کار سوار فیملی سے چار لاکھ روپے مالیت کے زیورات، 90 ہزار نقدی و دیگر سامان لوٹ لیا۔ کوٹ عبدالمالک کے قریب ڈاکوئوں نے ڈاکٹر زاہد کو روک کر 33 ہزار روپے اورموبائل چھین لیا۔