پاک فوج اُمت مسلمہ کا اثاثہ ہے، کسی مسلم ملک پر حملہ سنگین غلطی ہوگی: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنی نااہلی سے دوست برادر اسلامی ملک سعودی عرب کو بھی متنازعہ بحث کا موضوع بنا دیا، پاک فوج اُمت مسلمہ کا اثاثہ ہے، کسی مسلم ملک پر حملہ میں شرکت سنگین غلطی ہو گی۔ مکہ اور مدینہ کی حرمت جان سے زیادہ عزیز ہے تاہم سیاسی مسائل کو مسلک اور عقیدے سے الگ رکھا جائے، یمن کے مسئلہ پر حکومت پر انحصار نہ کیا جائے، پارلیمنٹ میں صرف تماشا ہو رہا ہے، حکمرانوں کو پورا سچ بولنے کی عادت نہیں۔ قوم کو فوج کے سپہ سالار پر اعتماد ہے، وہ یمن کے مسئلہ پر قوم کو اصل حقائق اور لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بلاسوچے سمجھے بیان بازی کی وجہ سے شکوک و شبہات نے جنم لیا اور اس حکومتی روئیے کے باعث یمن میں مقیم پاکستانیوں کے جان و مال کو بھی سنگین خطرات لاحق ہوئے جو بدستور قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران سعودی عرب کی مدد اور یمن کے مسئلہ پر کتنے سنجیدہ ہیں اس کا اندازہ قوم کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی پہلے دن کی کارروائی سے بخوبی ہو چکا ہے، حالات کتنے بھی سنگین ہوں موجودہ حکمران اپنی ذات کے خول سے باہر نہیں نکلتے اور نہ ہی ان میں دور تک دیکھنے کی صلاحیت اور اہلیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن خانہ جنگی کا شکار ہے، سعودی عرب، پاکستان، ایران، ترکی سمیت تمام بااثر اسلامی ممالک کو ملکر تمام متحارب فریقین کو ایک میز پر بٹھانا چاہئے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہئے۔