سانحہ بلدیہ ٹائون: نئی تفتیشی ٹیم میں مزید 5 افسر شامل، تحقیقات کا باقاعدہ آغاز
کراچی (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے حوالے سے نئی تفتیشی ٹیم نے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ تفتیشی ٹیم بلدیہ فیکٹری پہنچی اور باریک بینی سے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا گیا۔ تفتیشی ٹیم میں ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ، ایس پی سائٹ ساجد سدوزئی اور دیگر حساس اداروں کے اہلکار بھی شامل تھے۔ اس موقع پر بلدیہ فیکٹری پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق اب تک فیکٹری کے تین چوکیداروں کے بیان قلمبند ہوچکے ہیں۔ سانحہ بلدیہ میں ملوث ملزم رضوان قریشی نے دوران تفتیش انکشاف کیا تھا کہ بلدیہ فیکٹری میں آگ لگی نہیں بلکہ بھتہ نہ دینے پر لگائی گئی تھی۔ دریں اثناء سانحہ بلدیہ ٹائون کی تفتیش میں مزید 5 افسران شامل کرلئے گئے۔ افسران میں ڈی ایس پی سائٹ مجید عباس، انسپکٹر شعیب میو، انسپکٹرنعیم خان، سب انسپکٹر صابر اور سب انسپکٹر جہانزیب خان تفتیشی ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔ یہ افسران کیس کے تحقیقاتی افسر ایس ایس پی ساجد سدوزئی کی معاونت کریں گے۔ تمام افسران کو ڈی آئی جی سی آئی اے کے احکامات پر شامل کیا گیا ہے۔