• news

لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، کسووال میں گندم کی فصل کو شدید نقصان

لاہور (سٹی رپورٹر+ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز بارش ہوئی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیرآب آ گئے جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال سمیت چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز وقفہ وقفہ سے بارش ہوتی رہی اور ٹھنڈی ہوائیں بھی چلتی رہیں۔ ادھر فیصل آباد اور اسکے گردونواح میں موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری، موسم میں پھر سے سردی کی لہر دوڑ اٹھی اور شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ منڈی احمد آباد سے نامہ نگار کے مطابق معمولی سی گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی شروع ہو گئی اور تیز ہوا چلنے لگی جس کے ساتھ بجلی غائب ہو گئی۔ شورکوٹ چھائونی سے نامہ نگار کے مطابق طوفانی بارش سے چھت گرنے سے 7مویشی ہلاک ہو گئے۔ علاوہ ازیں 2مکانوں کی دیواریں گر گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کسووال سے نامہ نگار کے مطابق تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا۔ اس صورت حال نے گندم کے کاشتکاروں کے ساتھ ساتھ کھیت مزدوروں کو بھی پریشان کر دیا ہے۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق نارووال اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے شہری کی گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ ڈسکہ سے نامہ نگار، نمائندہ خصوصی کے مطابق مسلسل موسلادھار بارش کی وجہ سے ڈسکہ شہر کی سڑکیں، گلیاں محلے ندی نالوں کی شکل اختیار کر گئے۔

ای پیپر-دی نیشن