خیبر پی کے اسمبلی:وزراء کی غیرحاضری پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان کا اظہار برہمی
پشاور( آئی این پی )خیبر پی کے اسمبلی اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے غلط اور نامکمل معلومات فراہم کرنے ٗ وزراء کی غیر حاضری اور دیگر مختلف امور پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے برہمی کا اظہار کیا۔ سپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہر محکمے کو آئینی دائرہ کار کے اندر رہ کر کام کرنا ہو گا سپیکر نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی اور تمام محکموں کو تنبیہ کی کہ آئندہ کسی بھی ادارے کی نامکمل معلومات برداشت نہیں کی جائیں گی ۔ صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد نے کہاکہ بعض محکموں نے اسمبلی کو مذاق بنایا ہوا ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ خیبر پی کے اسمبلی نے نادرا کی جانب سے صوبے کے لوگوں کے کارڈ مسلسل بلاک کئے جانے پر شدید احتجاج کیا ہے حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے متفقہ طور پر آواز اٹھائی کہ وفاقی ادارے نادرا ٗ پیسکو اور سوئی ناردرن گیس کی وزارتوںکا صوبے کے ساتھ رویہ انتہائی نامناسب ہے جس کے بعد سپیکر نے بتایا کہ تمام پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس اگلے ہفتے طلب کیا جائے گا جس کے بعد حکمت عملی بنائی جائے گی ‘منور خان نے بعض اپوزیشن اراکین کے ساتھ ایوان سے واک آئوٹ کیا بعد میں صوبائی وزیر عنایت اللہ نے بتایا کہ قانون کے تحت وہ پچیس فیصد ترقیاتی فنڈ کے استعمال کا صوابدیدی حق رکھتے ہیں صوبیہ شاہد کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں صوبائی وزیر عاطف خان نے بتایا کہ نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن بورڈ کے پاس ہوتی ہے اور نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں کے تعین کا ان کے پاس کوئی طریقہ کار نہیں ۔