پریس کانفرنس میں بدنظمی، عمران کی صحافیوں سے معذرت، حیدرآباد میں چیئرمین کی آمد پر پی ٹی آئی کے کارکن لڑ پڑے
کراچی/ حیدر آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حلقہ این اے 246 سے پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل کے گھر پر پریس کانفرنس کی جس کے دوران اچانک بدنظمی پیدا ہو گئی اور شور شرابہ ہوا۔ تحریک انصاف نے عمران خان کی پریس کانفرنس کیلئے 9 بجے رات کا وقت دیا تھا لیکن پریس کانفرنس قبل از وقت ہی شروع کر دی گئی جس پر صحافیوں نے وہاں پہنچ کر احتجاج کیا۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنوں نے صحافیوں سے بات کر کے معاملہ رفع دفع کرایا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے دوبارہ پریس کانفرنس شروع کرنے سے پہلے صحافیوں سے معذرت کی۔ قبل ازیں عمران خان کے حیدر آباد پہنچنے پر تحریک انصاف کے کارکن آپس میں لڑ پڑے تھے۔