بہنوں‘بھائیوں کے بلانے پر کراچی جارہی ہوں جو شخص پاکستانی نہیں اسکی دعوت کی کیا ضرورت:ریحام خان
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ میں بہنوں اور بھائیوں کی دعوت پر کراچی جارہی ہوں، سنا ہے الطاف بھائی کی طرف سے دعوت آرہی ہے، کراچی ہمارا اپنا ہے، مجھے کسی دعوت کی ضرورت نہیں، ہر حال میں کراچی کی عوام کو آزاد کرائیں گے، الطاف حسین کے جتنے بیان آتے ہیں ان پر توجہ دینا مشکل ہے ، این اے 246 میں رہنے والے میرے بہن بھائی ہیں، عمران خان گھبراتا نہیں، ایک سے دو خان زیادہ بہتر ہیں۔ کراچی جانے میں کوئی خوف نہیں، مجھے دعوت تحریک انصاف کے کارکنوں نے دی ہے ، ہجرت کرنیوالوں کیلئے پاکستانی کا لفظ استعمال کریں تو اچھا ہے، جو شخص پاکستانی ہے ہی نہیں اسکی دعوت کی مجھے کیا ضرورت ہے، عمران خان جہاں کہیں گے وہاں جائوں گی۔