ممتاز قادری کیس: وفاقی حکومت نے اپیل کیلئے مہلت کی درخواست دائر کردی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں وفاقی حکومت نے ممتاز قادری کیس کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کیخلاف اپیل دائر کرنے کے لئے مہلت دینے کیلئے درخواست دائرکر دی ہے۔ بدھ کو درخواست ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد میاں عبدالرئوف کی جانب سے دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کیلئے دستاویزات جمع کی جارہی ہیں۔ عدالت ہمیںکچھ مزید مہلت دے جو آج بدھ کو ختم ہوگئی ہے۔ یاد رہے ا سلام آباد ہائیکورٹ نے 9مارچ 2015ء کو سلمان تاثیر قتل کیس کے ملزم ممتاز قادری کی اپیل پر مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے ساتھ ٹرائل کورٹ کی طرف سے سنائی گئی دو مرتبہ سزائے موت کو کم کرتے ہوئے ایک مرتبہ سزائے موت دینے کا حکم جاری کیا تھا جس کیخلاف اپیل دائرکرنے کیلئے وفاق نے مہلت طلب کرنے کیلئے درخواست دائرکی ہے۔