• news

خیبرایجنسی جیٹ طیاروں کی بمباری‘11 دہشت گرد کمانڈر ہلاک

خیبر ایجنسی+ چارسدہ+ کوئٹہ (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 11 دہشت گرد کمانڈر ہلاک متعدد زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوںکو جیٹ طیاروں سے نشانہ بنایا جس سے کالعدم لشکر اسلام اور تحریک طالبان کے 11 کمانڈر ہلاک جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔ بمباری سے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں کلیم، شینے، کوچی، یاسین، واجد، صدیقی اور شاکر شامل تھے۔ علاوہ ازیں پشاور کے نیم قبائلی علاقے میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں اہم طالبان کمانڈر عادل نواز عرف مسلم ہلاک ہوگیا۔ جھڑپ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن بھی کیا، متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ علاوہ ازیں تحصیل باڑہ کے علاقے ننگی میں سکیورٹی فورسز نے مکان پر چھاپہ مارا اور دہشت گرد کمانڈر سمیت متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا اور مکان سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، اسلحہ اور خودکش جیکٹس برآمد کرلیں۔علاوہ ازیں چارسدہ میں 2 گھروں اور ایک سی این جی سٹیشن پر دستی بموں سے حملے کئے گئے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں۔ فرنٹیئر کور نے بولان اور لہڑی کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 7 مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن